جموں// جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گذشتہ شام ہونے والی گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نائیک انیش تھامس کے بطور ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی شام ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی میجر اور ایک فوجی جوان زخمی ہوئے تھے جنہیں اکھنور میں قائم ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔
دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندر بنی سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی شام پاکستانی فوج نے بلا اشتعال گولہ باری کی جس کے نتیجے میں شدید طور پر زخمی ہونے والا نائیک انیش تھامس زخموں کی تاب نہ لا کر موت کی آغوش میں چلا گیا۔