عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبہ سے گزرنے والی قومی شاہراہ جموں–راجوری–پونچھ (این ایچ-144A) کی بگڑتی ہوئی حالت عوام کے لئے شدید مشکلات کا سبب بن چکی ہے۔ روزانہ ہزاروں گاڑیوں کی آمد و رفت والی اس اہم شاہراہ پر مختلف مقامات پر سڑک مکمل طور پر خستہ حال ہو چکی ہے، جس کے باعث مسافروں، مقامی رہائشیوں اور تاجروں کو سخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔قصبہ حدود میں ورکشاپ پل، پنج پیر اور پھالیانہ کے قریب شاہراہ پر بڑے بڑے گڑھے، ٹوٹی ہوئی سطح اور گرد و غبار نے سفر کو نہ صرف دشوار بلکہ خطرناک بھی بنا دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سڑک کی خستہ حالت کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ دو پہیہ سوار اور پیدل چلنے والوں کو ہر وقت حادثات کا خوف لاحق رہتا ہے۔این ایچ-144A پر روزانہ مسافر گاڑیوں، بسوں، ٹرکوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کی بڑی تعداد گزرتی ہے، تاہم سڑک کی ناقص حالت نے معمول کی آمد و رفت کو اذیت ناک تجربہ بنا دیا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ خاص طور پر رش کے اوقات میں ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، جس سے لوگوں کو اپنے دفاتر، اسکولوں اور دیگر اہم مقامات تک پہنچنے میں شدید تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ سڑک پر اڑنے والی گرد و غبار صحت کے مسائل کو جنم دے رہی ہے، جس سے بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خاص طور پر مشکلات درپیش ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گرد و غبار کے باعث ان کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے جبکہ صفائی کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔عوام نے اس صورتحال پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی مرمت اور اپ گریڈیشن کا کام اگرچہ جاری ہے، مگر قصبہ کے اندر یہ کام سست روی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ راجوری قصبہ سے گزرنے والے این ایچ-144A کے حصے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل طور پر بحال کیا جائے، تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور سڑک کو جلد از جلد محفوظ، ہموار اور گرد و غبار سے پاک بنایا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے اور ٹریفک کی روانی بحال ہو۔