راجوری //راجوری ضلع کے متعدد مقامات پر یوم یکجہتی ’قومی ایکتا دیوس کے طور پر منایا گیا ۔اس سلسلہ میں ڈسٹر کٹ پولیس لائن راجوری میں ایک پریڈ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی راجوری نے پریڈ کی سلامی لی ۔اس موقعہ پر فوج کی مختلف ٹیموں نے پریڈ میں شرکت کی ۔اسی طرح پولیس نے جانب سے ’دوڑ برائے اتحاد ‘نوشہرہ سب ڈویژن میں منعقد کی گئی جس کے دوران ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ اور ایس ڈی پی او نوشہرہ کیساتھ ساتھ ایس ایچ او بھی موجود تھے ۔اس کے علاوہ راجوری ضلع کے مختلف مقامات پر پولیس سٹیشنوں و دیگر لائنوں میں بھی پروگرام منعقد کئے گئے ۔گور نمنٹ ڈگری کالج راجوری میں این ایس ایس یونٹ کی جانب سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ سب ڈویژن تھنہ منڈی میں زونل اسپورٹس آفسر سلیم نوشاد رینہ کی نگرانی میں آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے تحت راشٹریہ ایکتا دیوس کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں علاقے کے مختلف اداروں کے فزیکل ایجوکیشن لیکچرار ماسٹرز، اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شاہدرہ موڑ غزالی مارکیٹ سے گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی تک ایک سائیکل ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس ریلی کا مقصد قوم کے اتحاد اور سالمیت کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ریلی میں مختلف سکولوں سے آئے ہوئے تقریباً پچیس طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اور علاقہ کے گلوبل ایوارڈ یافتہ نامور استاد محمد ایاز رینہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ طلبہ و طالبات سردار ولبھ بھائی پٹیل کی حالات زندگی کامطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں۔ جنہوں نے 500 سے زیادہ ریاستوں کو آزاد ہندوستانی یونین میں شامل ہونے پر آمادہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔محمد ایاز رینہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے ہر ایک فرد کو چائیے کہ وہ آنجہانی لیڈر کی ہی طرح ملک میں یکجہتی اور آپسی بھائی چارے کے لئے کام کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مرحوم لیڈر نے ملک میں اتحاد ، سیکورٹی اور آپسی ہم آہنگی کو بحال رکھنے کیلئے پوری زندگی کام کیا۔ رینہ نے ملازمین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ ملکی ترقی کیلئے محنت ولگن سے کام کرئیں۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی کے مختلف پہلووں سے طلبہ وطالبات کو روشناس کرایا۔ انھوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سیاسی و سماجی زندگی پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم لیڈر کا شمار ہندوستان کے عظیم سیاسی و سماجی رہنماوں میں ہوتاہے،جنہوں نے تحریک آزادی ہند میں اہم رول اداکیا۔ انہوں نے انگریزوں کی حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی تحریکیں چلائیں۔ آزادی ہند کے بعد وہ وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعظم جیسے باوقار عہدوں پر فائز ہوئے، اسلئے ان کے یوم پیدائش کو ‘راشٹریہ ایکتا دیوس‘ کے طورپر منایا جاتاہے۔ انھوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ انہیں عظیم شخصیتوں کی حالات زندگی کا مطالہ کرکے ان کی زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ اس موقع پر سٹاف کے علاوہ درجہ 9ویں تا 12ویں کے طلباء و طالبات موجود رہے۔اس کے علاوہ منجا کوٹ میں فیزیکل ایجوکیشن شعبہ کی جانب سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران ملازمین نے ایک حلف برداری تقریب میں بھی شرکت کی ۔اسی طرح سندر بنی او ر نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی پولیس کی جانب سے پروگرام منعقد کئے گئے جن کے دوران ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا تھا ۔
نوشہرہ میں فوج نے میچ کا اہتمام کیا
نوشہرہ //’انیکتا میں ایکتا ‘کے عنوان سے فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن میں ایک میچ کا اہتمام کیا گیا ۔فوجی حکام کی جانب سے نونیال کرکٹ ٹیم اور گری کرکٹ ٹیم کے مابین ایک میچ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر نونیال اور ملحقہ علاقوں کے مکین و معززین بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔میچ کے دوران نوجوانوں و اہلکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ دونوں ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔غور طلب ہے کہ فوج کی جانب سے اس سے قبل بھی کھیل مقابلوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے جبکہ فوج دیگر فلاحی سرگرمیوں میں بھی مصروف رہی ہے ۔
پونچھ میں ’ قومی یوم اتحاد‘ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا | سرکاری دفاترمیںآفیسران و ملازمین نے اتحاد و اتفاق کیلئے حلف لیا
حسین محتشم
پونچھ//حکومت ہند کی ہدایات کی روشنی میں پورے ملک کی طرح جموں کشمیر کے پونچھ ضلع میں بھی قومی یوم اتحاد پر پروگراموں کااہتمام کیا گیا۔اس دوران اتوارہونے کے باوجود پورے ضلع کے دفاتر کو کْھلا رکھا گیا اور تمام ملازم اور افسران موجود رہے جنہوں نے ساڑھے دس بجے کے قریب بدعنوانی کی روک تھام کا حلف لیا ۔اس کے علاوہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر قومی یوم اتحاد پر اتحاد اور ملکی سالمیت کی بقا کا حلف لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت کی سربراہی میں ڈی سی آفس پونچھ کے کانفرنس ہال میں قومی اتحاد کا دن منایاگیا۔اس مرکزی تقریب میں ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران کے علاوہ ڈی سی آفس کمپلیکس میں قائم مختلف محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ جشن کا آغاز اس عہد سے ہوا جس میں موجود تمام شرکاء نے قوم کے اتحاد اور سالمیت کو برقرار رکھنے کا عہد کیا اور قومی یکجہتی کو مضبوط اور محفوظ رکھنے اور ملک کیلئے خود کو وقف کرنے کا وعدہ کیا۔ بعد از آں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ایک موٹر سائیکل ریلی کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو ڈپٹی کمشنر ڈی سی آفس سے روانی ہوئی اور اسپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ اینڈ سپورٹس آفیسر محمدقاسم، پی ای ایم وجے کمار اور ان کے فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔ دپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں قوم میں اتحاد، سالمیت، خودمختاری اور بھائی چارے کے جذبے کو مضبوط کرنا ہوگا اور اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنے اہل وطن میں اس پیغام کو پھیلانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ انہوں نے افسران اور دیگر شرکاء پر زور دیا کہ وہ مختلف سماجی برائیوں کے خاتمے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا آج کی اس تقریب کے انعقاد کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی، انضمام اور اتحاد کو برقرار رکھنا اور سماج کے مختلف طبقوں کے درمیان تعلق کا احساس۔ اس دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلے اختیار کیا گیا ، ماسک استعمال کرنے کیعلاوہ دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیاگیا۔ بھارتی جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کی جانب سے بھی اس موقع پر ایک ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت بیبجے پی یوامورچہ کے صدر امن ڈابر کر رہے تھے جنہوں نے قومی یوم اتحاد پر سردار پٹیل کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ملکی سالمیت اور اتحاد کیلئے کام کیا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں کو ہندوستان میں شامل کرنے اور ملک کو متحد و مستحکم کرنے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
مینڈھر میں پولیس کی جانب سے دوڑ کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے مینڈھر میں ’رن فار فن ‘کے عنوان سے ایک دوڑ کا اہتمام کیا گیا ۔ایس ڈی پی او مینڈھر کی جانب سے ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں منعقد ہ پروگرام کے دورا ن امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان ،امام و خطیب جامع مسجد قاسم نگرمینڈھر مولانا فتح محمدکیساتھ ساتھ ستیش چندر و کئی پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔یاد گار مینڈھر سے ریلی کا ہری جھنڈی دکھائی گئی جو کہ سانگلہ ودیگر علاقوں سے ہوتے ہوئے واپس یاد گار مینڈھر پہنچی ۔اس ریلی میں لڑکیوں اور لڑکوں نے شرکت کی جبکہ ریلی میں پہلی تین پوزیشنوں پر آنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔اس کے علاوہ پہلی دس لڑکیوں و دس لڑکوں کیساتھ ساتھ صحافیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔تقریب کے دوران ملک کیلئے شہید ہوئے پولیس اہلکاروں کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے ان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔