راجوری //راجوری ضلع کے سرحدی علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے کے دوران 2بھائیوں سمیت 3افراد موقعہ پر ہلاک جبکہ 4دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ایک ٹاٹا موبائل گاڑی ضلع کے کیری سیکٹر میں واقعہ لام ٹھنڈی گائوں میں ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوئے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد ایک قریبی گائوں میں گھاس کٹائی کے بعد ٹاٹا موبائل گاڑی کے ذریعہ گھر وں کو واپس آرہے تھے ۔جموں وکشمیرپولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ سرحدی علاقہ ٹھنڈی کسی میں ایک ٹاٹاموبائل گاڑی زیر نمبر JK11C-0595کو ایک رابطہ سڑک پر پیش آئے حادثے میں 3نوجوان ہلاک جبکہ دیگر چار شدید زخمی ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کے ساتھ ہی موقعہ پر 2بھائی لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک شخص بچائو کارروائی کے دوران ہی لقمہ اجل بن گیا ۔حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت محمد اویس اور محمد افطار ولد ذاکر حسین جبکہ ممتاز احمد ولد محمد صدیق کے طور پر ہوئی ہے ۔ان تینوں کا تعلق ججوٹ کھانڈو ٹھنڈی کسی گائو ں سے بتایا جارہا ہے ۔انہوںنے بتایا کہ تینوں افراد ایک ہی جگہ کے رہائشی ہونے کیساتھ ساتھ گھاس کٹائی گروپ میں شامل تھے ۔زخمیوں کی شناخت ظہیر احمد ولد لعل محمد ،محمد صدیق ولد محمد حسین ،افتاب احمد ولد محمد نثار اور سجاد احمد ولد محمد حسین کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمیوں کو علاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں داخل کروایا گیا ہے جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔