راجوری: سڑک حادثے میں نوجوان لقمہ اجل

 
راجوری//راجوری کے کنڈی تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں میں ایک بیس سالہ نوجوان ٹریکٹر حادثے میں ہلاک ہوگیا۔
 
پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب منور گالا سے سواری سڑک پرایک ٹریکٹر حادثے کا شکار ہو کر سڑک کے کنارے کھائی میں جا گرا۔
 
حادثے میں ایک شخص ، جس کی شناخت محمد شفیق (20) ولد بہار دین ساکن بدیون گاؤں کے طور پر ہوئی ہے، شدید زخمی ہو گیا، جسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
 
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد متوفی کی لاش کو آخری رسومات کے لیے اس کے قانونی ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس تھانہ کنڈی میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔