راجوری //کنٹرول لائن پر ہونے والی بھاری شلنگ کے نتیجہ میں ایک شہری زخمی ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق جمعرات بعد دوپہر 1:20بجے نوشہرہ کے لام اور بدریشور سیکٹر میں پاکستانی افواج نے بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی جس کی ابتداچھوٹے ہتھیاروں سے کی گئی تاہم بعد میں مشین گن سمیت بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پاکستان کی طرف سے لام ، پکھرانی، ٹھنڈی میں کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا یا گیا۔ 2بجے کے قریب راجوری سیکٹر کے ویر بدریشورعلاقہ میں بھی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیاجس میں چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اس دوران پکھرانی علاقہ میں محمد ریاض ولد وزیر محمد نامی ایک عام شہری زخمی ہو گیا، وہ شخص مویشی چرانے کے لئے گیا ہوا تھا کہ ایک گولہ اس کے قریب آکر گرا اور وہ شدید زخمی ہو گیا۔ گولہ باری میں متعدد مویشیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ آخری خبریں موصول ہونے تک لام اور ویر بدریشور علاقہ میں فائرنگ اور شلنگ کا سلسلہ بدستور جاری تھا۔