راجوری،پونچھ //زائرین کو بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف زیارت پرلے جارہی ایک ٹاٹا موبائل گاڑی جموں پونچھ شاہراہ پر حادثے کاشکار ہوئی جس کے نتیجہ میں ایک نوجوان لڑکی لقمہ اجل بن گئی جبکہ دیگر اٹھارہ افراد زخمی ہوئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی زیر نمبرجموں سے شاہدرہ شریف کی طرف آرہی تھی جو چنگس کے مقام پر حادثے کاشکار ہوکرکھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں 19 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایاگیاجہاں 18 سالہ معروفہ بی دختر مراد علی ساکن بٹل بالیاں اودھمپور کو مردہ قرار دیاگیا۔دیگر زخمیوں کا علاج چل رہاہے جن کی شناخت25 سالہ اشرف حسین ولد فرید احمد، مشتاق ولد محمد رشید، فرید ولد خان، زلیخادختر کالا، کامودختر فضل دین،منیر ولد کالا، زلیخازوجہ محمد اشرف،فیروز ولد نور حسین ،نازیہ دختر فاروق احمد، شمو ولد فاروق احمد، سلیم ولد فرید، تارا زوجہ فیروز ، رضیہ دختر نور الٰہی ، صوفیہ دختر ارشد، مدوولد رحمت، سیمہ زوجہ مرزاساکنان بیلی چرانہ جموں اور شکورا زوجہ یوسف وپچیس سالہ ارشد علی ولد محمد یوسف ساکنان پنجاری اودھمپور کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھرپونچھ قصبہ میں گزشتہ شب ایک نوجوان ٹرک سے کچل کر لقمہ اجل بن گیا۔رات ساڑھے گیارہ بجے سپورٹس سٹیڈیم اور ایس ایس پی پونچھ کی رہائش گاہ کے قریب ایک سڑک حادثہ میں جواں سال محمد افضل خان عرف سیٹولقمہ اجل بن گیا۔محمد افضل پولیس لائن پونچھ کے قریب رہتا تھا اوروہ سٹار ہوٹل پونچھ کے نزدیک الیکٹریشن کی دکان پر کام کرتاتھاجو گزشتہ شب اپنے گھر کی جانب رواں دواں تھا کہ ایک ٹرک کے ساتھ ٹکر لگ جانے کی وجہ سے سپورٹس سٹیڈیم پونچھ کی دیوار اور ٹرک کے درمیان کچلا گیا ۔اس دوران سپورٹس سٹیڈم کی دیوار بھی اس پر گر گئی جس کے نیچے آکر یہ جوان سال لڑکا لقمہ اجل بن گیا۔ اس دوران پولیس اور مقامی لوگوں نے نوجوان کووہاں سے نکال کر ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا جہاںقانونی لوازمات پورے کرنے کے بعدنعش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ا س واقعہ پر پولیس نے کیس درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔