سمت بھارگو
راجوری //راجوری اور پونچھ اضلاع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے معاملات پر پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف چھ الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ان میں سے پانچ ایف آئی آر ضلع راجوری میں مسافروں کو حد سے زیادہ سوار کرنے (اوور لوڈنگ) پر جبکہ ایک مقدمہ ضلع پونچھ میں خطرناک اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔ تمام مقدمات ٹریفک پولیس کی شکایت پر درج ہوئے ہیں۔ضلع راجوری میں ٹریفک پولیس رورل جموں کی جانب سے پولیس اسٹیشن کنڈی میں پانچ ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب سیکٹر آفیسر (ٹریفک) کنڈی-بْدھل نے پہاڑی اور دشوار گزار سڑکوں پر چلنے والی کمرشل گاڑیوں کی جانچ کے دوران انکشاف کیا کہ کئی ڈرائیور گاڑیوں کی منظور شدہ گنجائش سے کہیں زیادہ مسافروں کو سوار کر کے انسانی جانوں کو شدید خطرے میں ڈال رہے ہیں۔پولیس کے مطابق پہلی ایف آئی آر منی بس نمبر JK11-1708 کے ڈرائیور تصویر سنگھ ولد لال چند، سکنہ دراج، کوٹرنکہ، راجوری کے خلاف درج کی گئی جو پندرہ اضافی مسافروں کو لے جا رہا تھا۔ دوسری ایف آئی آر ٹاٹا میجک نمبر JK11H-5912 کے ڈرائیور زاہد شاہ ولد ناصر حسین، سکنہ سواڑی، کوٹرنکہ کے خلاف درج کی گئی جو چھ اضافی مسافروں کو سوار کئے ہوئے تھا۔ تیسری ایف آئی آر ٹاٹا میجک نمبر JK11C-7015 کے ڈرائیور محمد رزاق ولد عبدالعزیز، ساکن حبّی کوٹرنکہ کے خلاف پانچ اضافی مسافروں کو لے جانے پر درج کی گئی۔اسی طرح ایک اور معاملے میں منی بس نمبر JK11C-0215 کے ڈرائیور جسبیر سنگھ ولد کلدیپ سنگھ،سکنہ کھا، کوٹرنکہ کے خلاف گاڑی میں خطرناک حد تک چوبیس اضافی مسافر سوار کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ پانچویں کیس میں ٹاٹا میجک نمبر JK11J-0445 کے ڈرائیور عبدالقیوم ولد محمد یونس، ساکن بدھل کوٹر نکہ کے خلاف چھ اضافی مسافروں کو لے جانے پر کارروائی کی گئی۔دوسری جانب ٹریفک پولیس رورل جموں نے ایک سنگین معاملے میں بھی سخت ایکشن لیا، جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک مسافر بس کو انتہائی خطرناک اور لاپرواہ انداز میں چلایا جا رہا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بس ڈرائیور بار بار اسٹیئرنگ چھوڑ کر ناچ رہا ہے، جس سے بس میں سوار مسافروں، خاص طور پر مغل روڈ کے چندی مڑہ علاقے میں پکنک پر جانے والے طلباء میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں فاروق قیصر نے ڈی ٹی آئی پونچھ کے ذریعے انکوائری کروائی، جس کے دوران گاڑی اور ملوث ڈرائیور کی شناخت کی گئی۔ اس کے بعد موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات 3/181/184/207 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بس نمبر JK12C-9247 کو ضبط کر لیا گیا۔انکوائری کی رپورٹ ایس ایس پی پونچھ کو بھی ارسال کی گئی، جنہوں نے پولیس اسٹیشن سرنکوٹ میں ایف آئی آر نمبر 284/2025 زیر دفعات 281/125 بی این ایس بمعہ 184 موٹر وہیکل ایکٹ درج کرنے کی ہدایت دی۔ بس کے ڈرائیور کی شناخت رمضان علی عرف چْنی ولد محمد بشیر، ساکن تحصیل مینڈھر ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی، جسے گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔