راجوری،پونچھ اورمینڈھرمیں پی ایچ ای عارضی ملازمین کااحتجاج

 
راجوری+مینڈھر//سرحدی اضلاع پونچھ اورراجوری کے مختلف علاقوں میں محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نے مانگوں کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہوئے واجب الاداتنخواہوں کی واگزاری اور خدمات کی مستقلی کامطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق راجوری اورپونچھ کے علاوہ گزشتہ روز مینڈھرمیں بھی محکمہ پی ایچ ای کے ڈیلی ویجر اور کیجول لیبر ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجا ج کیا ۔ اس دوران سراپااحتجاج عارضی ملازمین نے محکمہ کے اعلی افسر ان کے خلاف زور دار نعرے با زی بھی کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسو ں سے انہیں تنخواہیں واگزار نہیں کی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں ان کے اہلخانہ فاقہ کشی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تن دہی اور ایمانداری سے اپنی ڈیو ٹیاں انجام دیتے ہیں لیکن حکومت اس کے با و جود بھی ان کی تنخواہیں واگزار نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے گو ر نر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انہیں بھی ساتویں تنخواہ کمیشن کے زمرے میں لایا جائے اور جلد از جلد مستقل بھی کیا جائے تاکہ وہ اپنے کنبوں کو آسانی سے چلا سکیں۔انہوں نے گور نر انتظامیہ سے مانگ کی کہ ان کی واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر واگزار کی جائیں اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وہ کام چھوڑ ہڑتال پر جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری سر کار پر عائد ہو گی۔