راجناتھ سنگھ کی پاکستان کو وارننگ

نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو وارننگ دی ہے کہ وہ کشمیر میں امن کو درہم برہم کرنے کی لگاتار کوششیں کررہا ہے اور اگر پاکستان نے یہ سلسلہ بند نہیں کیا تو بھارتی فوج گولیاں نہیں گنے گی۔ہماچل پردیش میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا’’ پاکستان جموں و کشمیر میں امن اور استحکام کو درہم برہم کی کوششیں بار بار کررہا ہے لیکن یہ روایت زیادہ دیر تک نہیں چلے گی‘‘۔انہوں نے کہا ’’ بھارت کی فوج کو اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ اگر پاکستان ایک فائر کھولے گا تو وہ گولیوں کا حسا ب نہ رکھے‘‘۔راجناتھ سنگھ نے یہ بیام قاضی گنڈ میں فوج پر جنگجوئوں کی جانب سے کئے گئے حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دو فوجی مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے اب تک انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن پاکستان کی جانب سے کشمیر میں امن خراب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ للائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے بار بار فائر بندی کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں جو اب نا قابل برداشت بن چکی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اب جواب دیا جائے گا لیکن وہ اتنا سخت ہوگا کہ پاکستان کو اپنے کئے پر پچھتاوا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فوج کو صورتحال کے مطابق جوابی کارروائی کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے اور بھارت فوج اب گولیاں نہیں گن سکتی۔