راجناتھ سنگھ کا دورہ آج

 جموں//مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا سہ روزہ آج یعنی جمعرات سے شروع ہو رہا ہے ، پہلے مرحلہ میں وہ سرینگر پہنچیں گے۔ وزیر داخلہ بی ایس ایف کے ایک خصوصی طیارے میں صبح 11بجے سرینگر ہوائی اڈہ پر اترنے کے بعد 11.05بجے کپوارہ کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ ہیلی پیڈ سے ڈاک بنگلہ میں جائیں گے اور وہاں 12.55بجے تک عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کا پروگرام ہے ۔ ہوم منسٹر اس کے بعد واپس سرینگر پہنچ کر راج بھون میں گورنر این این ووہرہ کے ساتھ ریاست کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، یہ میٹنگ قریب ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہے گی اور اسی دوران ظہرانہ بھی ہوگا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی وزیر داخلہ کے ساتھ نہرو گیسٹ ہاﺅس میں ملاقات کریں گی اور 30منٹ تک کشمیر کے حالات بالخصوص ماہ صیام کے دوران مرکز کی طرف سے اعلان کردہ یکطرفہ سیز فائراور تمام متعلقین بشمول حریت کانفرنس کے ساتھ مذاکرات کی پیش کش پر ہوئی ہوئی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ اس کے بعد وزیر داخلہ انڈور سٹیڈیم سرینگر جائیں گے جہاں کھیل کود کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سرفراز کیا جائے گا۔ راجناتھ سنگھ کی صدارت میں فوج، نیم فوجی فورسز اور پولیس کے افسران کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال اور رواں ماہ کی 28تاریخ سے شروع ہونے جا رہی امرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ شام 6بجے وزیر داخلہ ذرائع ابلاغ کو خطاب کریں گے اور اس کے بعد راج بھون میں افطار پارٹی میں شرکت کریں گے۔ 8جون کو وزیر داخلہ صبح پونے گیارہ بجے کے قریب جموں پہنچیں گے اور سیدھے آر ایس پورہ سیکٹر میں جائیں گے جہاں فائرنگ متاثرین کا احوال جانیں گے۔ چکروئی فارم کے دورہ کے دوران وہ سرحدی متاثرین کےلئے قائم کردہ ریلیف کیمپ کا معائینہ کریں گے اور اس کے ساتھ حفاظتی بنکروں کے علاوہ سرحدی علاقوں میں چلائی جا رہی دیگر ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کریں گے۔ دو بجے وزیر داخلہ سی آر پی ایف کے گنگیال یونٹ کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ تین بجے کے بعد وزیر داخلہ ہری نواس ہوٹل میں عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کرنے کے بعد پریس کانفرنس کو خطاب کریں گے۔ رات کو اسی ہوٹل میں قیام کرنے کے بعد وزیر داخلہ 9جون کو صبح 10بی ایس ایف کے خصوصی طیارے میں دہلی کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔