منجا کوٹ //تحصیل منجا کو ٹ کے راجدھانی علاقہ میں زیر تعمیر رابطہ سڑک گزشتہ 8برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی آبادی نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت محکمہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا عمل 2012میں شروع کیا گیا تھا لیکن متعلقہ حکام و محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سرحدی علاقوں کو آپس میں جوڑنے والی سڑک کو اس وقت تک مکمل نہیں کیا جاسکا جسکی وجہ سے مقامی لوگوں بالخصو حاملہ خواتین اور مریضوں کو پیدل سفر کر کے ہسپتالوں تک پہنچانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں متعلقہ حکام سے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک مذکورہ سڑک صرف پیدل چلنے کے قابل ہی بنائی جاسکی ہے ۔پنچایتی اراکین نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی کٹائی کے 5برس بعد 2017میں بجری بچھائی گئی لیکن اس کے بعد پروجیکٹ کو مکمل کرنے اور عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے کوئی عملی کام ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سڑک پر بچھائی گئی بجری اکھڑ کر کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل میں محکمہ کئی رابطہ سڑکین اسی طرح انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے ان کی مرمت او ر تعمیر مکمل کروانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ اور متعلقہ ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے پروجیکٹوں کو مکمل کرنے میں تاخیر کی جاتی ہے ۔مکینوں و پنچایتی اراکین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں ایک جائزہ کمیٹی تشکیل دی جائے جوکہ ابھی تک کے ہوئے اخراجات کی تفصیل جمع کرے اور ملوث محکمہ کے ملازمین اور ٹھیکیدارو ں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں کے پروجیکٹ ترجیح بنیادوں پر مکمل کئے جائیں ۔