جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا ( ای سی آئی ) اور جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( جے سی سی آئی )کی جانب سے آج رائے دہندگان کے لئے ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ا س موقعہ پر ریاست کے چیف الیکشن آفیسر شیلندر کمار مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔پروگرام میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر جموں رومیش کمار ، چیئرمین جے اینڈ کے کسان کونسل راجیش شرما ، جے سی سی آئی کے صدر راکیش گپتا، سینئر نائب صدر راجیش گپتا ، سیکرٹری جنرل مہیش گپتا اور دیگر کئی شخصیات موجود تھیں۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن آفیسر نے کہا کہ رائے دہندگان ووٹنگ کے بارے میں جانکاری دینے اور اُنہیں متحرک کرنے کے لئے اس طرح کے پروگرام سود مند ثابت ہوتے ہیں۔اُنہوں نیکہا کہ ووٹروں کو ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری فراہم کرنے کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں اینڈ رائیڈ پر سی۔ وی آئی جی آئی ایل نامی ایک ایپ بھی متعارف کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ا س ایپ کے ذریعے تصویریں کھینچی جاسکتی ہیں اور ویڈیو بھی ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔اس موقعہ پر لوگوں کے شکوک و شبہات دور کرنے اور ان کے استفسارات کے جواب دینے کے لئے ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی بھی دستیاب رکھے گئے تھے۔چیف الیکشن آفیسر نے لوگوں نے اپیل کی کہ وہ ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔
رائے دہندگان کیلئے جانکار ی پروگرام کا اہتمام
