کنگن// رائل گنڈگاندربل میں نالہ سندھ پر پل خستہ حال ہونے کی وجہ سے آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں کے ایک وفد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رائل گنڈ میں اگرچہ 15 برس قبل نالہ سندھ پر لکڑی کا ایک پل تعمیر کیا گیا تھا، جو گذشتہ دو برس قبل ٹوٹ گیا جس کے بعد مقامی لوگوں نے از خود چندہ جمع کرکے پل کی مرمت کرکے اُسے آمدورفت کے قابل بنایا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اب دوبارہ پل خستہ حال ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں کالس پتی ، ٹھیکری پتی اور اس کے مضافات کے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ موسم بہار کے دنوں جب نالہ سندھ میں پانی کا بہا بڑھ جاتا ہے، تو والدین اپنے بچوں اسکول بھیجنے سے ڈر محسوس کرتے ہیں جبکہ مریضوں ،بزرگوں کو بھی مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے مطالبہ کیا کہ رائل گنڈمیں نالہ سندھ پر ایک پختہ پل تعمیر کیا جائے تاکہ اس وسیع آبادی کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خستہ حال پل پر کبھی بھی کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔