سرینگر//انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوہفتوں کے دوران اس بات کی وضاحت کریں کہ ذہنی مرض میں مبتلا کسی شخص کو سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند رکھا جاسکتا ہے۔انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن میں اسلامی تنظیم آزادی کے سربراہ عبدالصمد انقلابی کے کیس کی شنوائی ہوئی،جس دوران کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بلال نازکی نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے پوچھا ’’ کیاذہنی مرض میں مبتلا کسی شخص پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا جاسکتا ہے‘‘۔ کمیشن کے سربراہ نے اُن سے پوچھا کہ اگر اس کو حراست میں لیا جاتا ہے تو کیا اس کو جیل میں نظر بند رکھا جاتا ہے یا اس کو اسپتال میں بھرتی کیا جانا ہے۔ انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن کے چیئرمین نے ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ کو2ہفتوں کے اندر کمیشن میں وضاحت کرنے کی ہدایت دی۔