نئی دہلی//سکولی تعلیم، حج و اوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے یہاں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیہ جن کے پاس محکمہ تعلیم کا قلمدان بھی ہے، کے ساتھ ملاقات کی اور شعبۂ تعلیم سے جڑے مختلف امور کو زیر بحث لایا۔اس موقعہ پر محکمہ تعلیم کے سیکرٹری فاروق شاہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے عبدالرشید وار، ناظم تعلیم کشمیر جی این ایتو، ناظم تعلیم جموں آر کے سنگل بھی موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ریاستی وزیر کو پچھلے کئی برسوں کے دوران دہلی حکومت کی طرف سے تعلیمی شعبۂ میں شروع کی گئی اصلاحات کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں میں اختراعیت کو فروغ دینے کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت اساتذہ کو معیار کی بلندیوں سے روشناس کرانے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں تربیت کے لئے روانہ کرتی ہے۔سسوڈیہ نے مزید کہا کہ حکومت نے امتحانی نظام میں بھی کئی تبدیلیاں لائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرگتی کی صورت میں طلاب اور اساتذہ کے لئے ایک پیکج متعارف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسا نصاب قائم کر رہی ہے جس کی بدولت طلاب کی ذہنی و جسمانی نشو ونما بھی ممکن ہوسکے۔چوہدری ذوالفقار علی نے کہا کہ دہلی سے کچھ اساتذہ کو جموں وکشمیر کے لئے نامزد کیا جانا چاہئے تا کہ وہ ریاست کے اساتذہ کے ساتھ سود مند استفسار کرسکیں اور بعد میں یہاں سے بھی کئی اساتذہ کو دہلی بھیجا جاسکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ رواں تدریسی سال کے دوران ایکسچینج پروگرام کے تحت ایک ہزار اساتذہ کو لایا جانا چاہیئے۔ریاستی وزیر نے وہاں کئی سرکاری سکولوںکادورہ کیا اور ریاست جموں وکشمیر میں بھی اسی طرح کا بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کی تمنا ظاہر کی۔ اُنہوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دی تا کہ تعلیم کے شعبۂ میں اشتراک کو فروغ دیا جاسکے۔