دیوالی کے موقع پر بجلی گل

ڈوڈہ //دیوالی کے تہوار پر بھی ڈوڈہ و بھدرواہ کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب رہنے پر سیول سوسائٹی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی ناقص عدم توجہی پر حیرانگی ظاہر کی ہے۔اس دوران ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں لوگوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور متعلقہ محکمہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔مظاہرین میں شامل لوگوں کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی مقدس تہوار ہوتے ہیں تو متعلقہ محکمہ اپنی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ راج کمار نامی ایک سماجی کارکن نے کہا کہ محکمہ بجلی اہم تہواروں پر اپنی کارکردگی دکھانے میں پوری طرح ناکام رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ کے اہلکار جان بوجھ کر بجلی بند رکھتے ہیں اور پھر طرح طرح کی بہانہ بازی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیوالی سے پہلے انتظامیہ تمام تر انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن زمینی َسطح پر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔راکیش کمار نامی ایک اور سماجی کارکن نے کہا کہ دیوالی کو روشنیوں کا تہوار کہا جاتا ہے لیکن اس اہم دن پر بجلی گل رہنا انتظامیہ کی نااہلی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے وہیں قصبہ بھدرواہ و اس کے مضافات میں بجلی بند رہنے پر سماجی کارکن و ایڈووکیٹ محمد ماجد ملک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ قصبہ بھدرواہ کے ہمیشہ کی طرح آج بھی بھید بھاؤ کیا جاتا ہے۔ماجد ملک نے دیوالی کے موقع پر بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر سوالات اٹھاتے ہوئے صوبائی و ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے محکمہ سے جواب طلبی کا مطالبہ کیا ہے۔