کولگام //دیالگام اننت ناگ جھڑپ کے دوران چار جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف جنوبی ضلع کولگام کے بیشتر علاقوں میں سوموار کو مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں معمولات زندگی مکمل طور ٹھپ رہے ۔ ادھر جاں بحق جنگجوئوںکے آبائی علاقوں میں دوسرے روز بھی تعزیت پُر سی کا سلسلہ جاری رہا ۔ وتری گام دیلگام اننت ناگ میں سوموار کی صبح ایک مسلح تصادم آرائی کے دوران ضلع کولگام کے سوپتھ ، تاریگام اور شر پورہ فرصل یاری پورہ سے تعلق رکھنے والے چار مقامی جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ اِن ہلاکتوں کے خلاف ضلع کولگام کے بیشتر علاقوں جن میں دیوسر تحصیل،کیلم،زنگل پورہ،سوپٹھ،تاریگام،شرپورہ،فرصل،یاری پورہ،ریڈونی،گھاٹ،ہاورہ،مشی پورہ،نائوبل،بچرو اور بالسو شامل ہیں،دوسرے روز بھی تمام کاروباری ادارے اوردکان بندتھے، جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی غائب تھا،تاہم صرف نجی گاڑیاں ہی سڑکوں پررواں دواں تھیں۔ ادھر انتظامیہ نے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کوٹالنے کیلئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی تھی۔