سرینگر//دہلی پبلک اسکول حال ہی میں نئی دلی میں منعقدہ انٹر نیشنل ینگ فلم میکرس فیسٹول میں فاتح بن کر اُبھرا ہے ۔18اور19دسمبرکو منعقدہ فیسٹول میں شامل اسکول کی تیار کردہ فلم ’تنائو‘ کومتفقہ طور فیسٹول میں سراہا گیا۔ اس چھوٹی فلم میں چار کہانیوں کو پیش کیاگیا ہے جس میں نوجوانوں کو درپیش ذہنی صحت سے لیکر پریشانی ،حادثہ ،اکیلے پن ،بدمعاشی جیسے مسائل کاکااحاطہ کیاگیا ہے۔ان چھوٹی کہانیوں میں نہ صرف ان مسائل کی عکاسی کی گئی ہے بلکہ ان کا حل بھی پیش کیاگیا ہے ۔فلم میں ان مسائل پر مباحثہ شروع کرنے اورنوجوانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اسکول کی ٹیم نے وادی کے دیگر اسکولوں کو پچھاڑتے ہوئے اپنے پلاٹ اور بہترین ایکٹنگ کی بنا پر ججوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔اسکول کی ٹیم نے سنیما کوئز میں بھی جیت حاصل کی اور فلم میکنگ سے متعلق ورکشاپ میں بھی حصہ لیا۔اسکول کی نمائندگی نعمان ظہور،محمدتعظیم ،فردین خان،ذہین گُنا،طاہا شال،نادرہ خان، شیما ،جانان ،سحرش شفیع کررہے تھے۔ اسکول کے پرنسپل نے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلباء کی کامیابی سے ہمارا سینہ فخر سے تن گیا ہے۔