نئی دہلی// جنوب مشرقی دہلی میں کالندی کنج میٹرو اسٹیشن کے قریب لگنے والی آگ میں 56جھونپڑیاں جل کر خاک ہو گئیں۔محکمہ فائر بریگئڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ کالندی کنج میٹرو اسٹیشن کے قریب مدن پور کھدر کے مقام پر پانچ فائر ٹینڈرز کو موقع پر بھیج دیا گیا ، شام 3 بجے آگ پر قابو پالیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ روہنگیا کیمپ میں فون کے ذریعے آگ لگنے کے بارے میں پی سی آر (پولیس کنٹرول روم) کو جانکاری ملی تھی جس کے بعد پولیس مدن پور کھادر کے کنچن کنج پر موقع پر پہنچ گئی۔ بعد میں آگ پر قابو پالیا گیا۔اس سلسلے میں ، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوب مشرقی) آر پی مینا کا نے کہا ، ‘‘56 جھونپڑیاں جل کر خاک ہو گئیں جن میں تقریبا 270 روہنگیا پناہ گزین رہ رہے تھے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آگ کیوں اور کیسے لگی مناسب قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔اس دوران جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علمائے ہند کی ٹیم نے راحت رسانی کا کام شروع کردیا ہے ۔مولانامدنی نے روہنگیا پناہ گزینوں کی جھگیوں کے جلنے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم سے کہا کہ وہ ان کے کھانے پینے کے انتظام کے ساتھ ان کی جھگیاں بنوانے کا فوراً انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی جھگیوں کا افسوسناک امر ہے ۔ اس سے پہلے بھی ان کی جھگیاں جلائی گئی تھیں۔ مولانا مدنی نے کہاکہ اس کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ آخر جھگیاں کیسے جلیں۔ حادثہ کے بعد سے ہی جمعیۃ علماء کے ارکان وہاں موجود ہیں اور ہر طرح کی بنیادی چیزیں مہیاکرارہے ہیں