نئی دہلی // راجدھانی دہلی میں کئی ہفتوں کے ’لاک ڈاون‘ کے بعد کورونا کیسز میں قابل قدر کمی دیکھنے کو ملی ہے، اور اس کا اثر یہ ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے 31 مئی سے ’اَن لاک‘ کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کیجریوال نے کہا ہے کہ ہم ہفتے در ہفتے عوام کے مشورے اور ماہرین کی رائے کی بنیاد پر دھیرے دھیرے لاک ڈاون کھولنے کا عمل جاری رکھیں گے، بشرطیکہ کورونا پھر سے بڑھنے نہ لگے۔ کیجریوال نے مذکورہ اعلان ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس درمیان لوگوں سے اب بھی بہت احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ کورونا کم ہوا ہے، لیکن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اس لیے ہم دہلی کو دھیرے دھیرے کھولیں گے، تاکہ ایک ساتھ کھولنے کی وجہ سے پھر سے انفیکشن کے معاملے نہ بڑھنے لگیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’دہلی کو پھر کھولنے میں ہم نے ان لوگوں کا دھیان رکھا ہے جو سماج کے چھوٹے طبقے کے لوگ ہیں اور غریب ہیں۔ ایسے لوگ جو محنت مزدوری کرتے ہیں۔‘‘