عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ضلع راجوری کے دھیری ریلیوٹ علاقے میں پینے کے پانی کا بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ 15 روز سے پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند ہونے کے باعث دو پنچایتوں کے سینکڑوں گھرانے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سنگین مسئلے کو چند روز قبل بھی اخبارات کے ذریعے اجاگر کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود محکمہ جل شکتی کی جانب سے سپلائی بحال کرنے کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق پانی کی عدم دستیابی کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ روزانہ دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں پینے کے صاف پانی کی قلت نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جبکہ گھریلو استعمال کے لیے بھی پانی کا حصول ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد مرتبہ متعلقہ حکام کو اس بارے میں آگاہ کیا اور شکایات بھی درج کرائیں، مگر محکمہ کی جانب سے اب تک کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کی گئی۔عوام نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کے باعث ان کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال نہ کی گئی تو انہیں احتجاج پر مجبور ہونا پڑے گا۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کیا ہے کہ دھیری ریلیوٹ میں پانی کی سپلائی فوری طور پر بحال کی جائے، خرابی کی اصل وجہ معلوم کرکے اس کا
مستقل حل نکالا جائے اور جب تک سپلائی بحال نہیں ہوتی، متاثرہ علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔