منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دھیری رلیوٹ اور پتراڑہ میں لفٹ واٹر سپلائی سکیمیں گزشتہ کئی دنوں سے بند ہونے کی وجہ سے مکینوں کو کووڈ کے مشکل دور میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دھیری رلیوٹ میں واٹر سپلائی سکیم میں سے کئی دیہات کو جان بوجھ کر پانی سپلائی ہی نہیں کیا جاتا جبکہ محکمہ کے عارضی ملازمین کنبہ پروری کو دیکھ کر صرف ایک کچھ دیہات میں ترجیح بنیادوں پر پینے کا صاف پانی سپلائی کرتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ کے جونیئر انجینئر اور ایگز یکٹو انجینئر کو بھی جانکاری فراہم کی گئی تاہم اس کے باوجود لوہر دھیری رلیوٹ کیساتھ ساتھ پنچایت اپر دھیری ریلیوٹ کے کی کچھ وارڈوں میں حالیہ کئی دنوں سے پانی سپلائی ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے سکیم بالخصوص سپلائی ٹینک پر تعینات کئے گئے ملازمین پہلے تو ڈیوٹی پر حاضری ہی نہیں ہوتے اور اگر حاضر ہوتے بھی ہیں تو لوہر دھیری رلیوٹ کے کچھ گھروں میں ہی پانی سپلائی کرنے کر ترجیح دیتے ہیں ۔تحصیل کے پتراڑہ گائوں کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی دنوں سے سپلائی سکیم ہی بند پڑی ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران سکیم کی بحالی میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی عد م دستیابی کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کو کئی مرتبہ جانکاری فراہم بھی کی گئی لیکن ملازمین و آفیسران کو ٹس سے مس تک نہیں ہے جس کی وجہ سے عام لو گ شدید گرمی اور کووڈ کے دور میں آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے پانی کی بحالی کیلئے ذاتی مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔