دھار گلون پنچایت میں بنیادی سہولیات کا فقدان | واٹر سپلائی نظام غیرمعیاری ،سب سنٹر و سڑک کی حالت بھی خستہ

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت اپر دھار گلون میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکیں و محکمہ صحت کا سب سنٹر بھی تعمیر نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوںنے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ آب رسانی کی جانب سے 2001میں سروالہ تا کھیت واٹر سپلائی سکیم شروع کی گئی تھی لیکن ابھی تک مذکورہ سکیم کو پوری طرح سے مکمل ہی نہیں کیاجاسکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے کچھ حد تک ایک سٹیشن مکمل کیا گیا تھا جس سے کچھ دنوں تک کچھ گھروں کو پانی سپلائی کیا گیا لیکن اب مذکورہ سٹیشن بھی بند ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں بچھائی گئی پاپئیں اب بوسیدہ ہوتی جارہی ہیں جبکہ محکمہ آب رسانی کے ملازمین بھی اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ کو مین سڑک کے ساتھ جوڑنے کیلئے کوئی بھی رابطہ سڑک مکمل طورپر مکینوں کی سہولیات کیلئے تعمیر نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے لوگ کو سرحدی علاقہ میں زیادہ تر آمد ورفت پیدل ہی کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں جانے والی ایک سڑ ک کی پلی حالیہ بارشوں میں تباہ ہو گئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ آج تک مذکورہ پنچایت میں کوئی بھی سب سنٹر تعمیر نہیں کیا جاسکا جبکہ مشکل وقت میں خواتین و بزرگوں کو 5کلو میٹر دور قائم کر دہ ہیلتھ مرکز میں جانا پڑتا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔