کشتواڑ//کشتواڑ ضلع کے تحصیل دچھن کے دیہات میں گُذشتہ گیارہ مہینوں سے بجلی کی سپلائی بند ہے کیونکہ علاقہ کا 36 کے وی ٹرانسفارمر خراب ہوا ہے ۔تب سے ان دیہات کے لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔رئیسری ،دچھن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹرانسفارمر گُذشتہ سال خراب ہوا ہے اور تب سے محکمہ بجلی کے اہلکار اسکی مرمت کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیںاور نہ ہی اسکا متبادل فراہم کیا ہے۔یہ لوگ بغیر بجلی کے زندگی گُذار رہے ہیں اور مستقبل قریب میں بھی اسکو ٹھیک کرنے کا کوئی امکان بھی نہیں ہے۔ریسری گائوں کے ایک مقامی باشندے انوپ کمار نے کہا ہے کہ ایسا محکمہ کے کئی اہلکاروں کی بالا دستی سے ہو رہا ہے۔ان لوگوں کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے کشتواڑ سے کرایہ کی بنیادوں پر ایک 63 کے وی ٹرانسفارمر کا انتظام کیا ہے لیکن محکمہ پی ڈی ڈی اہلکاروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اسے بھی کار گر نہیں بنایا گیا ہے۔ان لوگوں نے ماہ رمضان میں بھی ٹرانسفارمر کی مرمت نہ کرنے کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی وجہ سے مسلمان بھائیوں کو سخت مصائب کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ان لوگوں نے مخلوط سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقے کے لئے ٹرانسفارمر فوری طور نصب کیا جائے۔حالانکہ اُنہوں نے پہلے ہی سرکار سے ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے کی اپیل کی ہے لیکن تا دم کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔ان لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی دی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے ٹرانسفارمر کی فوری طور مرمت کی جائے۔