عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر کی جانب سے کشمیر ہاٹ میں دو روزہ ’ٹرینی پروڈکٹس سیل‘کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔اس نمائش میں ہاتھ سے بنے قالین، جی آئی ٹیگ شدہ پشمینہ شال اور اسٹول، کریول پردے، سوزنی کڑھائی والی شالیں، زری و آری کڑھائی شدہ سوٹ، ٹوئیڈ کپڑا، چین اسٹچ قالین اور کشن کور، ٹیپسٹری، گبہ اور نمدہ مصنوعات، پیپر ماشی اور بید کی بنی ہوئی سووینئر و آرائشی اشیا نمائش کیلئے پیش کی گئی ہیں۔ یہ تمام مصنوعات کشمیر ڈویژن کے دس اضلاع میں قائم تربیتی مراکز کے زیر تربیت ہنرمندوں نے تیار کی ہیں۔نمائش میں رکھی گئی مصنوعات انتہائی مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
قیمتوں کا تعین صرف استعمال شدہ خام مال کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اس میں محنتانہ شامل نہیں کیا گیا، تاکہ خریداروں کو مستند دستکاریاں لاگت کی قیمت پر فراہم کی جا سکیں اور تربیت حاصل کرنے والے ہنرمندوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ملے۔توقع ہے کہ ضلعی اسٹالوں پر حوصلہ افزا فروخت ہوگی، خصوصا قالین، پشمینہ اور دیگر جی آئی ٹیگ شدہ مصنوعات میں عوام کی خاص دلچسپی متوقع ہے۔ یہ اقدام نہ صرف تربیت یافتہ ہنرمندوں کو پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے بلکہ کشمیر کی صدیوں پرانی دستکاری وراثت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔یہ فروختی نمائش کل بھی جاری رہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل منعقد ہونے والی تین ٹرینی مصنوعات نمائشوں سے مجموعی طور پر 57لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی، جو کشمیری دستکاری مصنوعات کی عوامی مقبولیت اور مانگ کا واضح ثبوت ہے۔