راجوری //وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ دو برسوں میں راجوری ضلع کا دوسرا دورہ کیا ہے جبکہ مکینوں نے اس کو سنہری لمحات قرار دیتے ہوئے پہاڑی ضلع کی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو راجوری ضلع کے نوشہرہ علاقے پہنچے جہاں انہوں نے نوشہرہ بریگیڈ میں فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی اور بریگیڈیئر محمد عثمان، لیفٹیننٹ آر آر راینہ اور این کے جادوناتھ کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اس سے قبل 2019 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی دیوالی کے موقع پر راجوری کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے راجوری کے ایس آف سپیڈس ڈویژن میں فوج کے جوانوں کے ساتھ ملاقات کر کے دیوالی منائی تھی ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے گزشتہ دو برسوں کے دوران کئے گئے دو دوروں کو عام لوگوں کی جانب سے سنہری لمحات کے طورپر لے رہے ہیں جبکہ مقامی معززین نے وزیر اعظم سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ پہاڑی ضلع کی تعمیر وترقی کیلئے اپنے خصوصی فنڈز سے پیکیج کا علان کریں ۔راجوری کے مکینوں نے بتایا کہ ضلع ایسا پہلا دور دراز علاقہ ہو گا جہاں وزیر اعظم نے گزشتہ دو برسوں میں دوسرا ودرہ کیاہے ۔بھاجپا لیڈر کپل سریال نے بتا یا کہ راجوری کیلئے یہ فخر کا لمحہ ہے کیونکہ وزیر اعظم نے دور دراز اور پہاڑی ضلع کا کچھ ہی وقت میں دوسرا دورہ کیا ہے ۔کپل سریال ،وکرم کمار ،محمد عارف و دیگر ان نے کہاکہ وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی پیکیج کا علان کریں جبکہ جموں پونچھ ریلوئے معاملہ کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔