حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ جھلاس سے تعلق رکھنے والا دونوں پیروں سے معذور خالق حسین نامی شخص شعبہ سماجی بہبود کی جانب سے چلائی جارہی متعدد فلاحی سکیموں کے زمروں سے باہر ہے جس کی وجہ سے غریب اپنی زندگی بسر کرنے کیلئے شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔یہ شخص جو کہ بھیک مانگنے پر مجبور ہے ،کا کہنا ہے کہ سرکار کی جانب سے جو معذوروں کی بہبود کے لئے سکیمیں چلائی جارہی ہیں ان کی فہرستوں سے ہی با ہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل ہونے کے باوجود اُسے معذور افراد کے لئے چلائی گئی سرکاری اسکیموں کے فوائد حاصل نہیں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خاص طور پر اُس نے اسکوٹی کے لئے کئی بار درخواست کی نہ تو اُسے ابھی رک سکوٹی ملی اور نہ ہی اُسے ابھی تک کوئی خاص امداد فراہم کی گئی ہے۔ خالق نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاشی طور پر کمزور پس منظر سے تعلق رکھتا ہے اور اپنی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومتی امداد پر انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کی طرف سے انہیں دی جانے والی پنشن بھی وقت پر نہیں فراہم کی جاتی جس سے ان کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ خالق نے حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پنشن کی رقم میں اضافہ کریں، کیونکہ موجودہ امداد اس کیلئے ناکافی ہے۔ موصوف نے محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی پر سوال اٹھائے کہا کہ مستحق افراد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کے لئے سرکاری اسکیموں کو مؤثر طریقے سے کیوں نافذ نہیں کیا جاتا؟ ۔انہوں نے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور فلاحی اسکیموں کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ سے فوری توجہ کا مطالبہ کیا ہے۔