بارہمولہ+سرینگر // جموں کشمیر پولیس کا ایک اور کانسٹیبل کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے، اس طرح ابتک ایک ہی بٹالین سے وابستہ 2اہلکار وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں جس کے بعد انکے رابے میں آئے درجنوں اہلکاروں کو قرنطین کرلیا گیا ہے۔پٹن علاقے میں موجود جموں کشمیر آرمڈ پولیس بٹالین سے وابستہ بارہمولہ کے ایک مضافاتی گائوں سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل کو اتوار کو مثبت پایا گیا۔اسکی رپورٹ مثبت آنے کیساتھ ہی اسکے گھر کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ دار، جن کے ساتھ مذکورہ شخص رابطے میں آیا تھا، کو قرنطین کرلیا گیا ہے، جن کی تعداد 15بتائی جاتی ہے۔مذکورہ اہلکار کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد متاثرہ اہلکار کے بٹالین میں ممکنہ رابطوں کی نشاندہی کا عمل شروع کیا گیا اور قریب 20 اہلکاروں کو قرنطین کیا گیا۔بلاک میڈیکل آفیسر پٹن نے اسکے رابطہ کاروں کو قرنطین کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاس مکمل اعدادوشمار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرنطین کرنے کی کارروائی پہلی حفاظتی سرحد ہوتی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پٹن علاقے میں موجود مذکورہ بٹالین میں سے ہی چند روز قبل ایک اہلکار کی رپورٹ مثبت آئی تھی، جس کا تعلق بڈگام سے بتایا جاتا ہے۔اُس وقت بھی بڈگام کے پولیس اہلکار کے رابطہ میں آئے اسکے قریبی ساتھی اہلکاروں کو قرنطین کرلیا گیا تھا۔اس بارے میں انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا’’ جی ہاں پولیس کانسٹیبل کی رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں آئیسویشن میں رکھا جاچکا ہے‘۔ وجے کمار نے کہا کہ مذکورہ اہلکار، پہلے مثبت قرار دیئے گئے ایک اور ساتھی اہلکار کے رابطے میں آیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڈگام سے تعلق رکھنے والا پہلا اہلکار کسی تبلیغی جماعت کے کسی فرد کیساتھ رابطے میں آیا تھا اور وائرس کا شکار ہوا۔دریں اثناء اتوار کو بو ٹینگو سوپور سے جس شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے وہ پیشے سے ایک نا نوائی ہے۔نانوائی کی رپورٹ مثبت آنے کیساتھ ہی اسکے رابطہ کاروں کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔