آکلینڈ میں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاوقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 153 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔فخر زمان کو عمدہ اننگز پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، شاداب خان اور محمد عامر نے دو، دو جبکہ حسن علی اور رومان رئیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 25 کے سکور پر گری جب محمد عامر نے کولن منرو کو ایک کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا۔اس کے اگلے ہی اوور میں رومان رئیس نے ولیمسن کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ حارث سہیل نے ان کا عمدہ کیچ کیا۔بروس 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ 52 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کے چوتھی وکٹ گری جب گپٹل 24 رنز بنا کر شاداب کی وکٹ بنے۔فہیم اشرف نے پانچ کے انفرادی سکور پر فلپس کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ گرینڈہوم کو شاداب خان نے دس کے انفرادی سکور پر سٹمپ آوٹ کیا۔118 کے مجموعی سکور پر حسن علی وہیلز کو آوٹ کر کے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلوائی۔سینٹنر نے 37 رنز کی اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو کچھ سہارا دیا اور وہ محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں آوٹ ہوئے جبکہ رینس ایک رن بنا کر فہیم اشرف کی دوسری وکٹ بنے۔آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی ایش سوڈھی تھے جنھیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔بابر اعظم نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ہے۔جمعرات کو ایڈن پارک کے میدان پر کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز احمد شہزاد اور فخر زمان نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 94 رنز پر گری جب احمد شہزاد 34 گیندوں پر 44 رنز بنا کر رینس کے گیند پر آوٹ ہوئے۔اس کے اگلے ہی اوور میں فخر زمان 28 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔سرفراز احمد نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے صرف 24 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم کے ساتھ مل کر انھوں نے 91 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم کی۔ انھیں وہیلر نے آؤٹ کیا۔اسی اوور میں وہیلر نے فہیم اشرف کو صفر پر آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے وہیلر نے دو جبکہ گرینڈہوم اور رینس سے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے کلین سویپ کرتے ہوئے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔