جموں //اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ نے دوسری ریاستی سپورٹس چمپئن شپ میں فٹبال کا خطاب اپنے نام کرلیا اور سخت مقابلے میں میزبان جموں یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی ۔ اسلامک یونیوسٹی کی جانب سے فرقان زرگراور منیب الطاف نے گول سکور کئے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 26مارچ کو جموں یونیورسٹی کے گراﺅنڈ میں کھیلا گیا۔ اس موقعے پر اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفسر مشتاق احمد صدیقی ، رجسٹرار ریاض رفائی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، تدریسی اور غیر تدریسی عملے اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد میچ سے لطف اندوز ہوئے۔اس موقعے پر یونیوسٹی کے وائس چانسلر نے اسلامک یونیورسٹی کی ٹیم کی متواتر کامیابیوں کی سراہانہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جموں یونیورسٹی کے منتظمین کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کی اپیل کی ہے۔ ٹورنامنٹ میں جموں و کشمیر کی 13ٹیموں نے حصہ لیا۔