ایڈیلیڈ//سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر (95) محض پانچ رن سے اپنی سنچری بنانے سے چوک گئے لیکن ان کی شاندار اننگز اور مارنس لابوشین (95)کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 172رن کی شراکت کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف گلابی گیند سے کھیلے جا رہے دوسرے ڈے نائٹ ایشز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعرات کے روز 89 اوورز میں دو وکٹ پر 221 رن کا چیلنجنگ اسکور بنالیا۔ نئے کپتان اور تیزگیندباز پیٹ کمنز ریستوراں میں ایک کووڈ سے متاثرہ شخص کے رابطے میں آنے کے بعد دوسرے ٹیسٹ سے باہرہوگئے ۔ان کے باہر ہونے کے بعد اسٹیون اسمتھ نے ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کی کپتانی سنبھالی اور ٹاس جیت کرپہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم میں اس کے دونوں تجربہ کار تیزگیندباز جیمس اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ دونوں کی واپسی ہوئی لیکن وہ آسٹریلیائی بلے بازوں پر کوئی اثر چھوڑنے میں ناکام رہے ۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی آسٹریلیا کی شروعات سست رہی۔ مارکس ہیرس 28 گیندوں پر تین رنز بنانے کے بعد آٹھویں اوور میں براڈ کا شکار بنے ۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ چار کے اسکور پر گری لیکن اس کے بعد وارنر اور لابوشین نے اس کے بعد سنچری پارٹنرشپ کھیل کر آسٹریلیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ اس کے بعد دونوں بلے بازوں نے لنچ اور چائے کے وقت تک ٹیم کو مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے سنچری کے قریب پہنچنے والے وارنر کو براڈ کے ہاتھوں کیچ کروا کر شراکت توڑ دی۔ وارنر برسبین میں پہلے ٹیسٹ میں 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دوسرے ٹیسٹ میں 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ وارنر نے 167 گیندوں پر 95 رن میں 11 چوکے لگائے ۔ وارنر کی وکٹ 176 کے اسکور پر گرنے کے بعد، لابوشین نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر دن کا بقیہ وقت محفوظ نکالا۔ اسٹمپ کے وقت، لابوشین نے 275 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 95 اور اسمتھ 71 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 18 رن بناکر کریز پر موجود تھے ۔ انگلینڈ کی بولنگ مایوس کن رہی۔ اینڈرسن نے 18 اوورز میں 29 رنز دیے ، جبکہ براڈ نے 34 رنز کے عوض ایک اور اسٹوکس نے 50 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔یواین آئی
دوسرا ڈے نائٹ ایشز ٹیسٹ میچ
