سرینگر //دودھ گنگا بٹہ مالومیں سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 3 منزلہ تجارتی مرکز میں پچھلے ایک ماہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ پریہاں نہ صرف دکاندار پریشان ہیں بلکہ کئی نجی کمپنیوں کے دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔دودھ گنگا بٹہ مالو میں سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے کئی سال قبل 3 منزلہ تجارتی مرکز تعمیرکیا گیا جس میں 70 دکانیں اور کئی کمپنیوں کے دفاتر قائم کئے ہیں جس کی وجہ سے اس تجارتی مرکز میں لوگوں کا کافی رش ہوتا ہے لیکن پچھلے ایک ماہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس وجہ سے تین منزلہ تجارتی مرکز میں موجود کئی بیت الخلائوں غلاظت اور گندگی جمع ہوگئی ہے۔اس تجارتی مرکز کے دکانداروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ"آج کل جہاں پوری دنیا کروناوائرس کے خوف سے دہشت زدہ ہوگئی ہے جس کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر صفائی بے حد ضروری ہے وہیں اس تجارتی مرکز میں ایک ماہ سے پانی کی قلت ہے اور یہاں بیت الخلا ئوںمیں غلاظت اور گندگی کے ڈھیر پائے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ یہاں قائم کئی نجی دفاتر میں خواتین کی خاصی تعداد روزانہ کام پر آتی ہیں لیکن پانی نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ اس مصروف ترین تجارتی مرکز میںپانی سپلائی بحال کرنے کے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی جائے ۔