واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی// دنیا بھر میں 7.55 کروڑ سے زیادہ افراد جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ – 19 سے متاثر جبکہ اس جان لیوا وبا سے 16.72 لاکھ مزید افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سنٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 191 ممالک میں 7.55 کروڑ سے زیادہ افراد مہلک ترین وبا سے متاثر ہوئے ہیں ، جب کہ 16 لاکھ 72 ہزار 826 مریض فوت ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثرامریکہ ہے جہاں اب تک 1.74 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں ، جبکہ تین لاکھ ، 13 ہزار 456 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جان لیوا کووڈ19سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دنیا میں دوسرا ملک ہندوستان ہے جہاں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 95.55 لاکھ سے زیادہ مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ فعال کیسز 3.08 لاکھ رہ گئے ہیں کیونکہ صحت مند افراد کی تعداد نئے کیسز سے زیادہ ہے ، جبکہ مرنے والوں کی تعداد 1،45،136 ہوگئی ہے ۔برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 71.62 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور 1.85 لاکھ سے زیادہ مریض دم توڑ چکے ہیں۔ روس میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد 27.64 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 49170 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ فرانس میں 24.99 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 60343 مریض فوت ہوچکے ہیں۔ترکی میں کووڈ 19 سے 19.82 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور 17610 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برطانیہ میں 19.82 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور 66640 افراد فوت ہوئے ہیں۔ اٹلی میں اب تک 19.21 لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 67894 افراد ہلاک ۔ اسپین میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 17.97 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور 48926 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ارجنٹائنا میں کووڈ 19سے 15.31 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 41672 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کولمبیا میں اب تک 14.82 لاکھ سے زیادہ افراد اس جان لیوا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 40019 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جرمنی میں لگ بھگ 14.69 لاکھ افراد اس وائرس سے متاثراور 25413 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔میکسیکو میں کورونا سے اب تک 12.89 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور 116487 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پولینڈ میں وائرس کے 11.82 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 24771 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایران میں اب تک 11.45 لاکھ سے زائد افراد اس وبا سے متاثراور53273 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پیرو میں اب تک 9.89 لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر اور 36858 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔یوکرین میں اس وائرس سے 9.70 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 16848 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اٹلی میں آئندہ تعطیلات کے دوران لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ
روم// اٹلی میں حکومت نے کورونا وائرس کی دوسری لہرکا سامنا کرتے ہوئے آنے والی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔لوگوں کو صرف کرسمس اور نئے سال کے موقع پر کچھ مراعات دی جائیں گی جس میں میلے کے دوران صرف دو مہمانوں کو بلائے جانے کی اجازت ہوگی۔اٹلی کے وزیر اعظم جوزف کونٹے نے جمعہ کے روز اپنے وزرا کی مجلس عاملہ کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔کونٹے نے کہا،’’وزرا کونسل کے ممبروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں ہم نے ایک قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 24 دسمبر سے 27 دسمبر اور یکم سے 6 جنوری تک پورے ملک کو ریڈ زون میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس مدت کے دوران ملک کی ایک ریاست سے دوسری ریاست جانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس مدت کے دوران صرف ضروری کام اور صحت سے متعلق کاموں کے سلسلہ سے لوگ گھروں سے باہر جاسکیں گے ‘‘۔اٹلی میں لوگوں کو 28 ، 29 اور 30 دسمبر اور 4 جنوری کو گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔تاہم اس دوران ملک بھر میں غیر ضروری اشیاء سے متعلق بار ریسٹورنٹس اوردکانیں بند کردی جائیں گی۔
فرانس میں کووڈ 19 سے 60 ہزارہلاک
پیرس//فرانس میں عالمی وباکورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے ہلاک شدگان کی تعداد 60229 سے تجاوز کرگئی ہے ، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اس سے 264 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔خبررساں ایجنسی سانٹے پبلیکی نے جمعہ کے روز ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 15674 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ فرانس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 25 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے ۔فرانس کے صحت کے افسراعلیٰ جیروم سالومون نے پہلے کہا تھا کہ اس وبا کا لگاتار اضافہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ فرانس میں دوسری بار لاک ڈاؤن 30 اکتوبر سے نافذ کیا گیا تھا ، جسے منگل سے نائٹ کرفیو میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔