پونچھ//سرحدی گائوں دیگوار تیڑواں کی عوام کی جانب سے دلہان تا مالٹی سڑک کی خراب حالت کو لے کر مقامی لوگوں نے انتظامیہ مخالف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کر کے انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ انتظامیہ حدِ متارکہ کے قریب رہنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو رہی ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ دلہان تا مالٹی 2کلو میٹر سڑک پرکھڈے بن گئے ہیں جس کی وجہ سے ان لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روڈ کی صورتحال انتہائی خراب ہونے سے سورایوں کو سفر کرنے میں تو پریشانی ہوتی ہے لیکن جو گاڑیاں اس سڑک پر چلتی ہیں وہ کھٹارا بنتی جا رہی ہیں۔موقع پر موجود زبیدہ نامی ایک خاتون نے بتایا کہ وہ آشا ور کر ہیںگزشتہ دنوں جب وہ کسی خاتون کو زچگی کے لئے ہسپتال لے جا رہی تھیں تو سڑک کی خستگی کی وجہ سے اس خاتون کی زچگی دوران سفر ہو گئی جس کی وجہ سے انھیں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامناکرنا پڑا جبکہ ڈاکٹروں کو اس خاتون کی جان بچانے میں مشکلات آئی ۔ مقامی سرپنچ شمس دین نے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلہان تا مالٹی سڑک جو کہ اس سرحدی علاقہ کو ضلع کے صدر مقام سے جوڑتی ہے ، کی حالت خراب ہو چکی ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھا یا جارہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میںکئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے بھی ملاقات کی گئی لیکن کوئی بھی معقول جواب نہیں ملا۔اس دوران ضلع انتظامیہ کے آفیسران موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے لوگوں کو یقین دہانی کروائی جس کے بعد احتجاج ختم کیا گیا ۔