دلت کالونی بہار میں آگ زنی اور فائرنگ | 100سے زائد گھر خاکستر،10ملزم گرفتار

عظمیٰ نیوز ڈیسک

نوادہ// بہار کے نوادہ میں بدھ کی رات تقریبا سات بجے کرشنا نگر کی پوری دلت کالونی آگ کے شعلوں کی زد میں تھی۔ چاروں طرف افراتفری کا عالم تھا۔ گاں کے لوگوں کے مطابق علاقے کے کچھ لوگوں(جنہیں میڈیا دبنگ لکھ رہا ہے)نے تقریبا 100 گھروں کو آگ لگا دی اور فائرنگ بھی کی۔ تاہم اس واقعے میں کسی کی موت نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق اس واردات میں 20گھر جل کر راکھ ہو گئے۔ اس سلسلے میں 10 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کرشنا نگر دلت کالونی میں زمین کے ایک ٹکڑے پر قبضے کے لیے دو فریقوں کے درمیان کافی دنوں سے تنازع چل رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق متنازع زمین دلتوں کے قبضے میں ہے۔ یہ معاملہ ضلع کے اعلی حکام کے پاس زیر التوا ہے۔ بدھ کو جھگڑا مزید بڑھ گیا جس کے بعد کچھ شرپسندوں نے علاقے کے دلتوں کی پٹائی کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس دوران ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، بعد میں شرپسندوں نے ان کے 100 سے زائد مکانات کو نذر آتش کر دیا۔دریں اثنا آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بھی اس واردات پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی۔ تیجسوی نے ایکس پر لکھا ”مہا جنگل راج! مہا دانو راج! نوادہ میں دلتوں کے 100 سے زیادہ گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ نریندر مودی اور نتیش کمار کے دور میں بہار میں آگ ہی آگ۔ وزیر اعلی نتیش کمار بے فکر، این ڈی اے کی اتحادی پارٹیاں بے خبر! غریب جلیں مریں انہیں کیا؟ دلتوں پر ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا‘‘۔متاثرین کا الزام ہے کہ “بدھ کی شام اچانک پرانبیگھا گائوں کے شرپسندوں نے دلتوں پر قہر برپا کر دیا۔ انہوں نے پہلے کئی رانڈ فائرنگ کی، اس کے بعد گھروں کو آگ لگا دی۔ ہم اپنی جان بچانے کے لیے بھاگے۔ اس دوران کئی لوگوں کو مارا پیٹا گیا۔ آگ زنی میں ہمارے مویشی بھی جل گئے‘‘۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے پولیس کپتان اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ فی الحال گائوں میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ کیس میں اب تک 10 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وہیں ضلع کے ایس پی ابھینو دھیمان نے فائرنگ کے واقعے سے انکار کیا ہے۔ایس پی ابھینو دھیمان نے اپنے بیان میں کہا ’’اس واردات میں تقریبا 21 گھر جل کر راکھ ہو گئے۔ باقی کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ موت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ہوائی فائرنگ کا دعوی غلط ہے، جائے وقوعہ سے فائرنگ کے شواہد نہیں ملے ہیں، پولیس فورس گاں میں موجود ہے‘‘۔

دبے کچلے طبقے کے خلاف ظلم کی خوفناک تصویر:راہل گاندھی

عظمیٰ نیوز ڈیسک

پٹنہ//بہار کے نوادہ ضلع میں گزشتہ روز پیش آئے مہادلتوں کے گھروں کو جلانے کے واقع پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے حکومت کو سخت ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مہادلت برادری کے پورے گاں کو جلانے اور 80سے زیادہ خاندانوں کے گھروں کو تباہ کرنے کا یہ واقعہ بہار میں دبے کچلے طبقے کے خلاف ظلم کی ایک خوفناک تصویر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وحشیانہ کارروائی کے بعد بھی بہار کی حکومت اور ریاستی پولیس خاموش ہیں، جو اس بدترین واقع کی سنگینی کو نظرانداز کر رہی ہیں۔راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی حکومتوں کے سائے میں اس طرح کے افراتفری پھیلانے والے عناصر کو پشت پناہی ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ڈرا کر ان کے آئینی حقوق مانگنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گاندھی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی اس سازش کی تائید ہے۔راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، نوادہ میں مہادلتوں کا پورا گاں جلا دینا اور 80سے زیادہ خاندانوں کے گھروں کو تباہ کر دینا، بہار میں پسماندہ طبقات کے خلاف ایک خوفناک تصویر پیش کر رہا ہے۔ ان دلت خاندانوں کی چیخ و پکار اور فائرنگ کی شدت کے باوجود، محروم طبقات میں پھیلا ہوا خوف اور دہشت بھی بہار کی سوئی ہوئی حکومت کو بیدار کرنے میں ناکام رہا۔ وزیر اعظم کی خاموشی اس بڑی سازش پر منظوری کی مہر کے مترادف ہے۔انہوں نے بہار حکومت اور ریاستی پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ہولناک جرم کے تمام ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں ۔

کھڑگے ، پرینکا اور مایا وتی سمیت کئی لیڈروں کاسخت ردعمل

عظمیٰ نیوز ڈیسک

پٹنہ// بہار کے نوادہ میں دلت بستی میں تقریبا 800مکانات کو آگ لگانے کے واقعہ پر حزب اختلاف نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے این ڈی اے اور نتیش حکومت پر حملہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر ملک ارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، بی ایس پی سربراہ مایاوتی سمیت کئی لیڈروں نے اس معاملہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی ناانصافی کرنے والے دبنگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور تمام متاثرین کی مناسب بازآبادکاری کی جائے۔ملک ارجن کھرگے نے ایکس پر لکھا’’ بہار کے نوادہ میں مہادلت ٹولہ پر دبنگوں کی دہشت این ڈی اے کی ڈبل انجن والی حکومت کے جنگل راج کا ایک اور ثبوت ہے۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ تقریبا 100 دلتوں کے گھروں کو آگ لگا دی گئی، گولی مار دی گئی۔ غریب خاندانوں سے سب کچھ چھین لیا گیا‘‘۔انہوں نے مزید لکھاکہ بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی دلتوںمحروموں کے تئیں بے حسی، مجرمانہ غفلت اور غیر سماجی عناصر کی پشت پناہی اب عروج پر ہے۔ وزیر اعظم مودی ہمیشہ کی طرح خاموش ہیں، نتیش کمار اقتدار کے لالچ میں لاپروا ہو گئے ہیں اور این ڈی اے کے اتحادی صدمے میں ہیں۔پرینکا گاندھی واڈرا نے انسٹاگرام پر لکھا’’ بہار کے نوادہ میں مہادلتوں کے 80 سے زائد گھروں کو نذر آتش کرنے کا واقعہ انتہائی خوفناک اور قابل مذمت ہے۔ درجنوں رانڈ فائرنگ کر کے اتنے بڑے پیمانے پر دہشت پیدا کرنا اور لوگوں کو بے گھر کرنا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بھی اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، بہار کے نوادہ میں دبنگوں کی طرف سے کئی غریب دلتوں کے متعدد گھروں کو جلا کر ان کی زندگیاں برباد کرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور سنگین ہے۔