کپوارہ//پولیس اور سیکورٹی فورسزکی مشترکہ کارروائیوں اور قربانیوں کی بدولت جموں کشمیرمیں امن وقانون کی صورتحال کوکافی حدتک بحال کیا گیا اورپولیس اور سیکورٹی فورسز مل کر ہراُس سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جوجموں کشمیرمیں امن وقانون کی صورتحال میں رخنہ ڈالنے کیلئے ملک دشمن عناصر کی طرف سے کی جاتی ہیں۔ان باتو ں کااظہار پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پولیس ضلع ہندوارہ کا دورہ کرنے کے دوران پولیس جوانوں کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا ہرکام قابل سراہنا ہے اور پولیس جوانوں نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف قابل فخر خدمات انجام دی ہیں.۔پولیس سربراہ نے مزیدکہا کہ پولیس اہلکاروں کو چاہیے کہ وہ دوران ڈیوٹی نظم وضبط کا مظاہر ہ کریں تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کیخلاف پولیس کو ہروقت اپنا فرض انجام دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کرنے کے علاوہ پولیس کی عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مارے گئے پولیس اہلکاروں کوزبردست خراج عقیدت اداکیا۔اس سے قبل پولیس سربراہ نے شمالی کشمیر کے پولیس سربراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل سلیمان چودھری کے ہمراہ ضلع میں حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا۔