دلباغ سنگھ ملک کے 25 اعلیٰ آئی پی ایس افسروں کی فہرست میں شامل

سری نگر// جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ کا نام ملک کے اُن 25 چنندہ اعلیٰ آئی پی ایس افسروں کی فہرست میں شامل ہے جن کی خدمات  نئی نسل کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ موصوف سال 1987 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔فیم انڈیا، ایشیا پوسٹ اور پی ایس یو واچ نامی تین تنظیموں کی طرف سے کئے گئے ملک گیر سروے میں ان اعلیٰ 25  آئی پی ایس افسروں کی فہرست ترتیب دی گئی جن کی پولیس سروس میں کارکردگیاں نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔فیم انڈیا میگزین کے ایڈیٹوریل ڈائریکٹر یو ایس سنتھالیہ نے کہا،’’پہلے ہم 4 ہزار افسروں میں سے 1 سو افسروں کی شارٹ لسٹ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن بعد میں ہم نے 2 سو افسروں کی لسٹ تیار کی جن میں سے 25 اعلیٰ افسروں کا مختلف زمروں میں انتخاب کیا گیا‘‘۔افسروں کا انتخاب کرنے والی پینل کا کہنا ہے کہ 4 ہزار افسروں میں سے 25 اعلیٰ افسروں کا انتخاب کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروے اندرونی رپورٹس، میڈیا رپورٹس اور مختلف دیگر ذرائع سے موصولہ اطلاعات کی بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔پی ایس یو واچ کے منیجنگ ایڈیٹر ویویک شکلا کا کہنا ہے کہ ایک آئی پی ایس پولیس افسر کا کام صرف امن و قانون کی بحالی کو یقینی بنانا نہیں ہوتا ہے بلکہ انہیں دیگر قومی وبین الاقوامی نوعیت کے معاملات کو بھی نپٹانا ہوتا ہے۔