جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جھوٹے اور کھوکھلے نعرؤں کی پول کھل گئی ہے جس نے دفعہ 370کی منسوخی کے بعد دعویٰ کیاتھاکہ جموں وکشمیر میں روزگارہوگا، اقتصادی خوشحالی آئے گی اور سیاحتی شعبہ کو فروغ ملے گا۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ ’’حالات حکمراں جماعت کی طر ف سے کئے گئے دعوؤں کے برعکس ہیں، روزگار کے مواقعے کم ہوگئے ہیں۔ بی جے پی نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے وعدے کئے تھے لیکن ایسا کچھ نہیں۔ موصوف صوبائی نائب صدر یوتھ ونگ رزاق ملک کی طرف سے نومنتخب یوتھ ونگ لیڈران کی عزت افزائی کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا منجیت سنگھ نے خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ اُن کے علاقہ جات میں پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ جموں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، یہاں کا کاروبار بُری طرح متاثر ہے۔ سیاحتی سرگرمیاں نہ کے برابر ہیں۔ جموں درشن ایک کھلی بس وویکا نند چوک جموں میں کئی ہفتوں سے کھڑی ہے جس کو سیاح استعمال کیاکرتے تھے۔ مانسر اور سرئیں سر میں بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کی ضرورت ہے جس طرف توجہ نہیں دی جارہی۔رقیق خان نے کہاکہ حکمراںجماعت کے کھوکھلے نعرؤں کی وجہ سے نوجوانوں میں بیگانگی اور مایوسی ہے۔دیگر یوتھ لیڈران نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل رزاق ملک نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو درپیش مشکلات ومسائل کو اُجاگر کیا ۔