سری نگر//مرکزی حکومت نے بدھ وارکو واضح کیاکہ دفعہ370کی منسوخی کی کسی بھی شہری یاصحافی کوکوئی پیشگی اطلاع یاجانکاری نہیں تھی ۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی مملکت برائے داخلہ امور جی کشن ریڈی نے بدھ کو اس بات سے انکار کیا کہ دفعہ370ہٹانے کے بارے میں کوئی شہری یا صحافی پہلے سے ہی مطلع تھا۔ جی کشن ریڈی نے پارلیمنٹ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس قدم کے بارے میں کوئی بھی شہری یا صحافی پہلے سے مطلع نہیں تھا۔ ارکان پارلیمان کی جانب سے حکومت سے پوچھا گیا تھا کہ کیا دفعہ370کی منسوخی کے بارے میں قبل از وقت ہی کسی شہری یا صحافی کو پہلے ہی باخبر کیا گیا تھا؟،اسکے جواب میں مرکزی مملکت برائے داخلہ امور جی کشن ریڈی نے کہا،’’جی نہیں‘‘۔قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ نے5،اگست2019کو جموں کشمیر کو حاصل خصوصی پوزیشن منسوخ کرتے ہوئے سابق ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا۔مانا جارہاہے کہ کچھ ارکان پارلیمان نے یہ معاملہ اس تناظر میں پارلیمان میں اُٹھایاکیونکہ ایک نجی نیوز چینل کے ایڈیٹرواینکر ارنب گوسوامی سے منسوب کچھ واٹس ایپ پیغامات زیرتحقیقات ہیں ،جن میں موصوف پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ایک شخص کوپیغام بھیجتے ہیں کہ کچھ بڑاہونے والاہے،اوراس بڑے کوبالاکوٹ سرجیکل اسٹرائیک سے جوڑا جارہاہے اوریہ سوال اُٹھایاجارہاہے کہ ایک صحافی کوکیسے اس بڑے حکومتی اقدام کی مبینہ طورپرقبل ازوقت جانکاری تھی اوروہ اس جانکاری کودوسرے لوگوں کیساتھ بانٹا کرتاتھا ،جوکہ ملکی سا لمیت وسلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتاتھا۔