دفعہ 370کی غیر آئینی منسوخی | عوام نے فیصلہ رد کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا :محبوبہ

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ جموں کشمیرکے لوگوںنے گپکاراتحاد کوووٹ دیا ہے اور انہوںنے مرکز کے دفعہ370کو منسوخ کرنے کے ’’غیرآئینی ‘‘فیصلے کورد کیا ہے۔ٹوئٹر پر ایک پیغام میں محبوبہ نے کہا کہ کئی مین اسٹریم جماعتوں کے اتحاد نے جموں کشمیرکے خصوصی درجے کی بحالی کولیکرسخت محنت کی جبکہ مرکز نے ہماری راہوں میں کانٹے بچھانے کی کوئی کسرنہیں چھوڑی۔پی ڈی پی صدرنے کہا کہ آج کے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے نتائج نے اس بات کو صاف کیا کہ جموں کشمیرکے لوگوں نے گپکاراتحاد کوووٹ دیا اوراس طرح دفعہ370کی تنسیخ کا غیرآئینی فیصلہ درکیا۔انہوں نے پرجوش طور گپکار اتحاد کاساتھ دیا۔گپکاراتحاد جموں کشمیرکے خصوصی درجے کی بحالی کیلئے کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ گپکار اتحاد مشکلات کے باوجود فاتح بن کر اُبھرا ہے۔محبوبہ نے کہا کہ ہماری جیت گپکاراتحاد کے کاڈر کی جیت ہے جنہوں نے ہماری کامیابی یقینی بنانے کیلئے انتھک کام کیا۔حکومت ہند نے ہماری راہوں میں مشکلات پیداکرنے کی ہرممکن کوشش کی ۔ وحید پرہ کی گرفتاری سے شروع ہوکر ہمیں مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ مجھے غیرقانونی طور پندرہ روزمیں تین بار بند رکھاگیا۔گپکاراتحاد کے امیدواروں کو سرکاری عمارات میں بند رکھاگیا جبکہ مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی ۔ان سب کے باوجود ہم فاتح بن کر اُبھرے ۔یہ سب ہماری کامیابی ہے ۔محبوبہ نے پی ڈی پی ورکروں کابھی شکریہ اداکیا۔