سرینگر//سکولی تعلیم ، حج اور اوقاف و امور قبائیل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے جے کے بوس کے افسران پر زور دیا کہ وہ دفتری کام کاج میں ڈیجٹل موڈ کا استعمال کریں ۔ بورڈ کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بورڈ کے تمام دفاتر میں کام کاج ڈیجٹلائیزڈ ہونا چاہئیے ۔ وزیر مملکت برائے تعلیم شکتی راج پریہار ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق شاہ ، چئیر پرسن جے کے بوس پروفیسر وینا پنڈتا ، ڈائریکٹر اکیڈمکس فاروق پیر ، بوس کے جنرل سیکرٹریز ، ڈپٹی سیکرٹریز میٹنگ میں موجود تھے ۔ نقل کی وباء کا مکمل طور پر خاتمہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ذوالفقار علی نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ تمام سکینڈری اور ہائیر سکینڈری امتحانات کو سی سی ٹی وی نظام کے تحت منعقد کریں اور اس کے بعد پیپروں کی اویلویشن کا عمل بھی سی سی ٹی وی کے ذریعے انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اویلویشن کیلئے ایک الگ عمارت کا استعمال کریں تا کہ بیرونی مداخلت میں کمی لائی جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ بورڈ طلاب کیلئے نئی کتابیں ترتیب دے رہا ہے اور اس سلسلے میں سبجیکٹ ایکسپرٹ و دیگر سول سوسائیٹی کے معزز شخصیات کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔