درہال میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد

 تھنہ منڈی // تحصیل درہال کے ملہت علاقہ کی مسجد علی پور میں ایک عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے متعدد علماء کرام اور عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت محمد اشرف ملک نے کی۔پروگرام کا آغاز حسب دستور تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد مرتضیٰ مرزا نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس دوران متعدد طلباء نے بھی نعت رسول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔نظامت کے فرائض مرتضیٰ مرزا نے انجام دئیے جبکہ حافظ حبیب الرحمن پروانہ نے اس تقریب سعید میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کو اپنانے پر زور دیا جبکہ مولانا محمد آمین نقشبندی نے بھی پیارے آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر مفصل روشنی ڈالی۔اس موقع پر میلاد کمیٹی کے چیئرمین مرتضیٰ کہا کہ ہم ہر سال اس پروگرام کو بڑی عقیدت اور محبت کے ساتھ مناتے ہیں جس میں درجنوں لوگ حصہ لے کر ثواب دارین حاصل کرتے ہیں۔