سرینگر//کشمیر اکنامک الائنس کے چیئر مین حاجی محمد یٰسین خان اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے امراض سینہ ہسپتال درگجن میںسرینگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ عمران کی جانب سے آن ڈیوٹی ڈاکٹروں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے واقعہ پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔محمد یٰسین خان نے کہا کہ یہ بات باعث ِ شرم ہے کہ اپنے حدود اور اختیارات سے تجاوزکرتے ہوئے ڈپٹی میئر نے ڈاکٹروں کے ساتھ نہ صرف طوفان بدتمیزی بپا کیا بلکہ سستی شہرت کے لئے اس واقعہ کی خود ہی تشہیر بھی کرائی ۔ خان ،جو کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے صدر بھی ہیں ، نے ڈپٹی میئر کو تنبہ کی ہے کہ وہ اپنے حدود میں رہیں اور اسکی طرح کی غنڈہ گردی کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے انتظامیہ سے اس واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی مئیر کی اس سینہ زوری پر فوری طور پر لگام کسنے کی ضرورت ہے ۔ادھر جے سی سی لیڈر اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے اس واقعہ شرمناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین عوام کے غلام ہیںلیکن بند مزدور نہیں ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہ ملازمین طبقہ سماج کا ایک ایسا حصہ ہیں جو ہر وقت عوام کی خمدمت کرتے ہیں اور خاص طور سے ڈاکٹراورنیم طبی عملہ مشکل حالات میں کام کررہے ہیں اور مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے اپنا خون و پسینہ ایک کررہے ہیں۔وانی نے ریاست کے چیف سیکرٹری ،صوبائی کمشنر اور کمشنر سیکرٹری محکمہ صحت سے اس سلسلے میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ایسے واقعات مستقبل میں پیش نہ آئیں۔