سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ پولے نے ایک میٹنگ کے دوران وادی اورسرینگرمیں تمام اہم مذہبی مقامات کی تعمیر وتجدید کاکام سرعت سے مکمل کرنے پرزوردیا ہے۔ انہوں نے نورخانہ زیارت دستگیرصاحب ،نقشبند صاحب کی خانقاہ کی مرمت،درگاہ حضرت بل کاترقیاتی منصوبہ اور خانقاہ فیض پناہ چرارشریف پر ہورہے کام کی پیش رفت کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔ انہوں نے جموں کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن،ٹورازم،آثارقدیمہ محکموں اور سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت مذہبی مقامات کی تزئین اور آرائش کے کام کو سرعت کے ساتھ مکمل کرنے کی تاکیدکی۔انہوں نے ان مقامات پرکام کے دوران غلطیوں سے مبراانسداد حادثات اقدامات کرنے پرزوردیا۔انہوں نے زیارت گاہوں میں لکڑی کے تمام ڈھانچوں کو دیمک سے بچانے کیلئے تمام دیمک مخالف اقدام کرنے کی ہدایت بھی دی اور وضوخانوں،نکاسی آب،فرش اور چھتوں کی تعمیراورتجدیدکاکام تیزی سے مکمل کرنے کا حکم دیا۔