سرینگر//سی پی آئی (ایم ) کے جنرل سیکریٹری ،سیتا رام یچوری نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملک اور بیرون ممالک درماندہ کشمیریوں کی واپسی کے حوالے سے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ سہولیت فراہم کی جائے ۔کے این ایس کیساتھ بات کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم ) کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ حکومت ملک اور بیرون ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کی بناء پر جاری لاک ڈائون کے نتیجے میں درماندہ تمام کشمیریوںکو اپنے گھرپہنچانے کے لئے اقدام کریںکیونکہ ان لوگوں کوملک اور ملک سے باہر مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر وادی سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقہ ہائے فکر کی ایک بڑی تعداد جن میں ہینڈی کرافٹس سے وابستہ لوگ،مزدور پیشہ افرادکے علاوہ طلبہ اور کچھ چھوٹے ملازمین کی ایک اچھی خاصی تعدادشامل ہے،ملک کے مختلف حصوں جن میں دہلی،ہماچل پردیش،پنجاب،ہریانہ وغیرہ شامل ہیں، میںلاکڈائون ہونے کے نتیجے میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ اس طرح بیرون ممالک جن میں بنگلہ دیش وغیرہ شامل ہے ،میں کشمیری طلبہ کو ذہنی کوفت کا سامنا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ جس طرح ملک کے شہریوں کو مختلف ممالک کیساتھ رابطہ کرکے واپس گھر لایا گیا ،ٹھیک اُسی طرح کشمیری طلبہ کو واپس لانے کیلئے بیرون ممالک کی حکومتوں سے رابطہ قائم کیا جائے ۔سی پی آئی (ایم ) کے جنرل سیکریٹری ،سیتا رام یچوری نے کہا’’ اب مذکورہ لوگوں کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے اورجو پیسہ ان کے پاس تھا، وہ بھی ختم ہوا ،جس کے نتیجے میں بیشتر افراد کے پاس کھانے ، پینے کے لئے بھی کوئی پیسہ نہیں ہے جس کے نتیجے میں وہ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں‘‘۔سی پی آئی( ایم) رہنما نے بتایا کہ اس ساری صورت حال کے نتیجے میں کشمیر سے باہر لوگوں کے والدین ،رشتہ دار سخت ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ درماندہ تمام کشمیریوں کو فوری طور گھر پہنچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک اوربیرون ملک درماندہ لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔