ٹنگمرگ //بجلی کھمبوں کے بجائے درختوں سے ترسیلی لائینوں کو لٹکانے اورترسیلی لائن کے بجائے بوسیدہ تاروں سے بجلی فراہم کرنے کے خلاف دارہامہ ٹنگمرگ کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف زورداراحتجاج کیا۔مقامی لوگوں نے الزام لگایاکہ پنچایتی فنڈ سے سات لاکھ روپے اگرچہ محکمہ بجلی کو دیئے گئے ،تاہم محکمہ بجلی نے سات لاکھ روپے میں صرف پانچ بجلی پول بٹ محلہ دارہامہ کوالاٹ کئے،جس پرمقامی لوگوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے محلہ دارہامہ کوتمام بجلی کھمبے اور ترسیلی لائن فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔مقامی شہری عادل احمدڈار کے مطابق دارہامہ میں بجلی نظام ابتر ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے جان ومال کوخطرہ رہتا ہے ،کیوں کہ گائوں میں بجلی لائن درختوں کے سہارے پہنچائی گئی ہے جس سے کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آنے کااحتمال ہے۔