راجوری //بی جے پی کے سینئرلیڈر اور سابقہ ممبر پارلیمنٹ چودھری طالب حسین نے کہاہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت میں درجہ فہرست طبقہ کے آئینی حقوق کوتحفظ فراہم کرایاجائے گااورمیں درجہ فہرست قبائل کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہرممکن جدوجہدکروں گا۔فتح پورراجوری میں پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبرپارلیمنٹ چودھری طالب حسین نے پارلیمانی انتخابات میںحال ہی میں بی جے پی کی شاندار جیت کے لیے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی اوران کی ٹیم ،جموں پونچھ پارلیمانی نشست سے کامیاب ہوئے جگل کشورشرمااورڈودہ ادہم پورکٹھوعہ نشست سے کامیاب ہوئے ڈاکٹرجتندرسنگھ کومبارکبادپیش کی اورکہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت میں درجہ فہرست طبقہ کے آئینی حقوق کوتحفظ فراہم کرایاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ درجہ فہرست قبائل کے حقوق کے تحفظ میں ہرممکن کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے آئینی حقوق کے خلاف رچی جانے والی سازشوں کو بے نقاب کریں ۔اب تو مخالفین نے کھل کر آپ کے حقوق کی پامالی کا بندوبست کر لیا ہے اور اپنے چہرے پر سے دھوکہ و فریب کا وہ باریک پردہ جو صرف آپ کے ووٹ بٹورنے کی غرض سے اوڑھ رکھا تھا اور کل تک جو یہ کہہ رہے تھے کے وہ درجہ فہرست قبائل،پہاڑی اور دیگر کمزور طبقوں جو حال ہی میں اپنے حقوق کے حصول کی دوڑ میں شامل ہوئے ہیں ان کے مسیحا ہیں ،نے اسے بر ملا اتار پھینکا ہے۔چودھری طالب حسین نے کہا کہ بی جے پی ایسی طاقتوں کو ہر گز پنپنے نہیں دے گی ۔ہم ریاست کے ان تمام لوگوں اور قائدین بالخصوص مختلف سطحوں پر کام کرنے والی انجمنوں ،ایسوسیشنوں کے رہنما حضرات سے التجا کرتے ہیں کہ وہ الیکٹورل معاملات سے بالا تر ہو کر ابھی سے ،اسی لمحے ریزرویشن کے تحفظ اور اس کے تحت آئینی طور پر ملنے والی تمام تر مراعات بالخصوص پروموشنز میں ریزرویشن کے تحفظ اور اس کو فوری طور لاگو کروانے کی جدوجہد میں اپنا بھرپور حصہ ادا کریں۔