عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// راجدھانی دہلی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں جمعہ کو موسم کی پہلی تبدیلی دیکھنے میں آئی، جب زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے چلا گیا، جس سے شہریوں کو صبح اور شام کے اوقات میں سردی کا احساس ہونے لگا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)کے مطابق شمالی پہاڑی علاقوں سے آنے والی سرد ہواں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہو رہی ہے۔موسم کی اس تبدیلی سے دہلی کے شہریوں کو گرمی سے نجات ملی ہے۔ آئی ایم ڈی کی پیشگوئی کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو دہلی کا آسمان صاف رہے گا جبکہ کہیں کہیں ہلکے بادل بھی چھائے رہنے کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 17 اکتوبر تک دہلی میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے ایک ڈگری کم تھا۔ شام 5:30 بجے کم سے کم درجہ حرارت 20.3 ڈگری سیلسیس اور ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔جمعہ کی شام 6 بجے دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 143 تھا، جو کہ درمیانی درجے میں آتا ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ 0 سے 50 کے درمیان اے کیو آئی کو بہتر، 51 سے 100 تک اطمینان بخش، 101 سے 200 تک درمیانہ، 201 سے 300 تک خراب، 301 سے 400 تک بہت خراب اور 401 سے 500 تک کو انتہائی خراب قرار دیا جاتا ہے۔