عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دربیل علاقے میں ایک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق دیررات دربیل علاقے میں لسہ شیخ ولد غلام قادر شیخ کے مکان میں آگ اچانک بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ مکان میں موجود سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ متاثرہ خاندان کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی اور متعلقہ محکمہ کو اطلاع دی، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم پولیس اور متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔